ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دولت اسلامیہ نے شیشانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

دولت اسلامیہ نے شیشانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

Thu, 14 Jul 2016 17:32:45  SO Admin   S.O. News Service

بغداد،14جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم سے منسلک ایک نیوز ایجنسی نے تنظیم کے اہم کمانڈر عمر شیشانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔عمق نامی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ عمر شیشانی عراق کے شہر موصل کے جنوبی قصبے شرکت میں ہلاک ہوئے۔واضح رہے کہ امریکی وزارت دفاع نے رواں برس مارچ میں عمر شیشانی کو شام کے شمال مشرقی علاقے میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کرنے کی تصدیق کی تھی۔پینٹاگان کے مطابق عمر شیشانی کی ہلاکت امریکی فضائی حملے کے نتیجیمیں شدید زخمی ہونے کے بعد ہوئی تھی۔امریکی وزارت دفاع کے مطابق امریکی فضائیہ کا یہ حملہ رواں برس چار مارچ کو شام کے شمال مشرقی علاقے شدادی میں اس وقت کیا گیا جب عمر شیشانی وہاں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی تربیت کے لیے موجود تھے۔
عمر شیشانی کا اصل نام ترکان باتراشویلی تھا تاہم وہ عمر دی چیچن کے نام سے مشہور تھے۔عمر شیشانی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ دولت اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغادی کے قریبی فوجی مشیر تھے۔دولتِ اسلامیہ کے اہم کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق عمق نامی ویب سائٹ کے ذریعے سامنے آئی ہے جسے دولت اسلامیہ اپنی خبریں شائع کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔عمق کا کہنا ہے کہ عمر شیشانی عراق کے شہر موصل میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔امریکہ نے گذشتہ سال شیشانی کے سر کی قیمت 50لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔


Share: